logo
phone

Follow Us:

بغرض قضائے حاجت تلاوت قرآن پر اجرت لینا کیسا ہے؟

بغرض قضائے حاجت تلاوت قرآن پر اجرت لینا کیسا ہے؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمایے دین مفتیان شرع متین درج ذیل مسٔلہ میں جیسا فتاوی رضویہ میں ہیکہ طاعات وعبادات میں اجرت لینا جایز نہیں علاوہ چند اشیایے معدودہ کے جسکو متاخریں علما نے جائز قرار دیا مصلحت کے بنا پر،تو اگر غرض دنیوی کیلیے اجرت پر سورہ بقرہ پڑھانا کیسا ہے مثلا کسی عامل نے کہا کہ آپ چالیس دن تک سورہ بقرہ پڑھاییے ان شاء اللہ پریشانی دور ہو جایے گی اس طرح سے پڑھانا اور اجرت دینا کیسا ہے واضح دلائل کے جواب عنایت فرمائیں کرم ہو گا
المستفتی :- تنظیم رضا ، بہار

وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
غرض دنیوی کے لیے جس میں ایصال ثواب کے لیے تلاوت مقصود نہ ہو بلکہ قضاے حاجت کی تدبیر و علاج مقصود ہو مثلا علاج و معالجہ کے لیے ، اسی طرح عاملین کا دفع جن و شیاطین اور حفاظت آسیب و سحر کے لیے گھر میں یا دکان میں سورۂ بقرہ وغیرہ کی تلاوت کرنے یا کروانے پر اجرت لینے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ جیسا کہ فتاوی رضویہ شریف میں ہے : “اگر باہم قرارداد ہولیا کہ ہمارے مقدمہ کے لئے فلاں ختم پڑھو اور وقت و اُجرت وغیرہ کی صحیح تعین کردی جس سے اجارہ میں جہالت نہ رہے تو یہاں یہ بھی حلال ہے کہ اس صورت میں ثواب مقصود نہیں بلکہ قضائے حاجت کی تدبیر وعلاج، تو یہ اس طرح ہوا جیسے مریض پر پڑھ کر پھونکنے کی اجرت لے، اس کا جواز صحیح حدیث سے ثابت ہے، صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم ایک گاؤں میں ٹھہرے، وہاں کے لوگوں نے برخلاف عادت عرب مہمانی نہ دی، رئیس دیہہ کو سانپ نے کاٹہ، لوگ ان کے پاس آئے، انھوں نے سو دنبے ٹھرا لیئے، سورہ فاتحہ شریف پڑھ کر دم کردی، اچھا ہوگیا، پھر صحابہ کو خیال آیا کہ کہیں قرآن مجید پر اُجرت لینا نہ ہوگیا ہو، ان بکرویوں کو نہ کھایا، جب مدینہ طیبہ حاضر ہوئے حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم سے حال عرض کیا، حضور نے اجازت دی۔”
(فتاوی رضویہ شریف،جلد ١٩ صفحہ ٥٣١)
الحاصل:جس تلاوت میں ثواب مقصود ہو اس پر اجرت لینا دینا ناجائز و حرام اور جس میں ثواب مقصود نہ ہو بلکہ قضاے حاجت کی تدبیر و علاج مقصود ہو تو جائز ہے ۔
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ: اسیر قادری مجاھدی
تاریخ:٢٠/رجب المرجب/١٤٤٥ھ
٠١/فرورى/٢٠٢٤
❤️
الجواب صحیح والمجیب نجیح
مصدق:مفتی محمد شہنواز شفق مصباحی صاحب قبلہ
قاضی شہر ممبرا ، مہاراشٹر ، الھند
صدر دارالعلوم فیضان رضا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *