logo
phone

Follow Us:

🌹بڑے حوض یا تالاب میں پیشاب کرنے کا حکم🌹

🌹بڑے حوض یا تالاب میں پیشاب کرنے کا حکم🌹

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
علماے کرام رہنمائی فرمائیں کہ دہ در دہ کے اندر کپڑا پہنے ہوۓ پیشاب کرنا کیسا ہے ؟
کیا ایسی صورت میں کپڑا بھی ناپاک ہو جاۓ گا ۔
سائل ۔ محمد مجاہد بالاسور اڈیشہ
ـــــــــــــــــــــــــ🌹🌹🌹ــــــــــــــــــــــــــ
و علیکم السلام و رحمۃ اللہ
کسی دہ در دہ حوض یا تالاب میں پیشاب کر دینے سے اگر چہ اسکا پانی ناپاک نہیں ہوگا لیکن فقہاے کرام نے اس فعل کو بھی ممنوع و مکروہ قرار دیا ہے ۔جیسا کہ فقہ حنفی کی معتبر بلند پایہ کتاب بہار شریعت میں ہے : ایسا حوض (دہ در دہ) اگر چہ نجاست پڑنے سے نجس نہ ہوگا مگر قصدا اس میں نجاست ڈالنا منع ہے ۔ (بہار شریعت پانی کا بیان ص۳۳۱) نیز دوسرے مقام پر فرماتے ہیں : کوئیں یا حوض یا چشمہ کے کنارے یا پانی میں اگر چہ بہتا ہوا ہو یا گھاٹ پر ۔۔۔۔۔۔ (وغیرہ وغیرہ چند سطر بعد فرماتے ہیں) پیشاب ، پاخانہ مکروہ ہے ۔ (بہار شریعت حصہ ۲ استنجا کا بیان ص۴۰۹)
وہ کوئی پیشاب پاخانے کی جگہ نہیں کہ وہاں یہ سب کام کیے جائیں پھر کپڑا پہنے ہوئے کرنا اور بھی برا ہے اگر ڈائریکٹ کپڑے پر ہی کیا تو کپڑا وقتی طور پر ناپاک بھی ہوگا اور پاک چیز کو بلا وجہ ناپاک کرنا جائز نہیں جیسا کہ فقہائے کرام فرماتے ہیں : تنجیس الطاھر حرام (فتاوی رضویہ جلد ۱ حصہ ب ص۱۰۷۴) یعنی پاک کو ناپاک کرنا جائز نہیں ۔ بھلے ہی بعد میں پانی میں ادھر ادھر ہونے میں پانی کے دھکے سے پاک ہو جائے ۔ جیسا کہ قانون شریعت میں ہے : دریا تالاب میں البتہ ایسا ہو سکتا ہے وہ بھی جب کہ نجاست ایسی ہو کہ بلا ملے دھوئے پانی کے دھکے سے خود بہہ کر نکل جائے (تو پاک ہو جائے گا) ۔ (قانون شریعت غسل کا بیان ص۹۰)
لہذا اس فعل سے بچنا چاہیے ۔ واللہ اعلم بالصواب
کتبہ: فقیر قادری مجاہدی
تاریخ:١١/صفر المظفر/١٤٤٥
١٧/اگست/٢٠٢٤

مصدق: مفتی محمد شہنواز شفق مصباحی صاحب قبلہ
صدر دارالعلوم فیضان رضا
قاضی شہر ممبرا ، مہاراسٹر ، الہند

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *